کراچی (اوصاف نیوز) شہر قائد میں یونیورسٹی روڈ پر کے فور آگمنٹیشن کا کام روک دیا گیا ہے، کراچی واٹر اینڈ سوریج سروسز امپرومینٹ پروگرام کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کام ورلڈ بینک کے اعتراضات اور روٹ کی تبدیلی کے سبب روکا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کے فور آگمنٹیشن کا کام 10 نومبر کو شروع ہوا تھا، اور 30 دسمبر کو مکمل کیا جانا تھا، لیکن ورلڈ بینک کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی اور بہتر حفاطتی اقدامات نہ ہونے پر اعتراض سامنے آئے۔
اس منصوبے کے مطابق اردو یونیورسٹی سے حسن اسکوائر تک 2.7 کلو میٹر تک پائپ لائنیں بچھائی جانی تھیں، اب تک محض 10 فی صد رقبے پر ہی کام کیا جا سکا ہے، ڈیزائن کی تبدیلی کے بعد اب صرف وفاقی اردو یونیورسٹی سے حسن اسکوائر تک ایک ٹریک پر لائنیں بچھائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ کے فور منصوبے کے تحت یونیورسٹی روڈ پر 96 انچ اور 72 انچ کی لائنیں بچھائی جا رہی تھیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک کے اعتراضات دور کر کے جلد کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:26 نومبر 2024 احتجاج پر درج مقدمہ میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری




