واشنگٹن(اوصاف نیوز) امریکا نے ویزا بانڈ پروگرام میں نمایاں توسیع کرتے ہوئے مزید 25 ممالک کے شہریوں پر بانڈ کی شرط عائد کر دی ہے، جس کے بعد اس فہرست میں شامل ممالک کی مجموعی تعداد 38 ہو گئی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق نئی فہرست میں الجزائر، بنگلہ دیش، کیوبا، نیپال، نائیجیریا، وینزویلا سمیت متعدد افریقی، ایشیائی اور لاطینی امریکی ممالک شامل ہیں۔ ان ممالک کے شہریوں کو بی ون (کاروباری) اور بی ٹو (سیاحتی) ویزا کے لیے درخواست دیتے وقت 5 ہزار سے 15 ہزار امریکی ڈالر تک کا بانڈ جمع کرانا ہوگا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے اعلامیے کے مطابق بانڈ کی رقم کا حتمی تعین ویزا انٹرویو کے دوران کیا جائے گا، تاہم بانڈ کی ادائیگی ویزا کے اجرا کی ضمانت نہیں سمجھی جائے گی۔ ویزا مسترد ہونے یا بانڈ کی شرائط پوری نہ ہونے کی صورت میں جمع کرائی گئی رقم واپس کر دی جائے گی۔
نئے ممالک کے لیے یہ شرط 21 جنوری سے نافذ العمل ہوگی۔ واضح رہے کہ یہ پالیسی ابتدائی طور پر اگست 2025 میں پائلٹ پروگرام کے طور پر متعارف کرائی گئی تھی، جس کا مقصد ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد امریکا میں غیر قانونی قیام کے واقعات میں کمی لانا بتایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:شب معراج پر تعطیل کا اعلان


