لاہور(اوصاف نیوز)سردی کے باعث تعلیمی اداروں میں ایک ہفتے کی چھٹیوں سے متعلق بڑا اعلان کردیا گیا تاہم نوٹیفکیشن آج کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں اسکولوں اور کالجوں میں موسم کی چھٹیوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔
رانا سکندرحیات کا کہنا تھا کہ موسم سرما کی چھٹیوں کا فیصلہ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث کیا گیا، بچوں کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے، موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن آج دوپہر 3 بجے میٹنگ کے بعد کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ کو پہلے ہی بتا دیتا ہوں موسم سرماکی چھٹیوں میں اضافہ کرنے جا رہے ہیں۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیر تعلیم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی بھی تردید کی ہے، جس میں چھٹیوں کی توسیع کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ نوٹیفیکیشن جعلی ہے اور محکمہ تعلیم نے ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔ اسکول اور کالجز پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق 12 جنوری کو دوبارہ کھلیں گے۔
وزیر تعلیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی گمراہ کن اطلاع پر بھروسہ نہ کریں اور سرکاری ذرائع سے ہی تصدیق کریں۔
مزید پڑھیں: امریکا میں لاکھوں ڈالرز کی لابنگ کے باوجود بھارت کو سفارتی محاذ پر شکست


