اسلام آباد (اوصاف نیوز) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بین الاقوامی طلباء کے داخلوں اور رجسٹریشن کے عمل کو جدید، شفاف اور تیز تر بنانے کے لیے “AIOU پارٹنر ایڈمیشن پورٹل” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس جدید آن لائن پورٹل کے ذریعے بیرون ملک مقیم تعلیمی ادارے اور مجاز نمائندے بین الاقوامی طلباء کے داخلوں کے لیے رجسٹریشن کر سکیں گے۔ پورٹل کا افتتاح یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ پورٹل نہ صرف داخلہ کے نظام کو شفاف اور موثر بنائے گا بلکہ دنیا بھر کے طلباء کے لیے یونیورسٹی تک رسائی کو بھی آسان بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام یونیورسٹی کے ڈیجیٹل وژن اور عالمی تعلیمی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے جو مستقبل میں بین الاقوامی طلباء کی تعداد اور تعلیمی معیار دونوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔
ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنیشنل اینڈ ایکسچینج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید نے پورٹل پر تفصیلی پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر کی ہدایات کی روشنی میں بین الاقوامی طلباء کی رجسٹریشن میں معاونت کے لیے عالمی سطح پر شراکت داروں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پورٹل کو آج عملی طور پر لانچ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسم خزاں کے سمسٹر 2025 کے داخلوں میں بین الاقوامی طلباء کی تعداد میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ امید ہے کہ اس پورٹل کے ذریعے مستقبل میں اس تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران، پرنسپل افسران اور یونیورسٹی کے متعلقہ شعبہ جات کے نمائندوں نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
