Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

ایشز سیریز کے دوران کرکٹرز پر کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ

آسٹریلیا (اوصاف نیوز) انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ایشز سیریز کے دوران انگلش کرکٹرز کے بہت زیادہ شراب پینے کی اطلاعات کے بعد کھلاڑیوں پر سخت کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ آئندہ ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کو سخت نگرانی میں رکھا جائے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں ایشز کے دوران انگلش کھلاڑیوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور شراب نوشی کی متعدد رپورٹس سامنے آئیں جس کے بعد ای سی بی نے نظم و ضبط مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق سری لنکا میں وائٹ بال سیریز اور ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں پر واضح کرفیو نافذ کیا جائے گا۔ انگلش میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشز سے قبل وائٹ بال کے کپتان ہیری بروک نائٹ کلب میں شراب پینے کے بعد جھگڑے میں پڑ گئے جب کہ بین ڈوکیٹ آسٹریلوی تفریحی مقام پر حد سے زیادہ شراب نوشی کے باعث راستہ بھول گئے۔ ان واقعات نے ٹیم انتظامیہ اور بورڈ کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشز سیریز میں انگلینڈ کی 1-4 سے شکست کے بعد ای سی بی نے ٹیم کے نظم و ضبط اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات کی تیاری شروع کردی ہے۔

برطانوی میڈیا نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ ای سی بی کے ان سخت فیصلوں کے نتیجے میں انگلینڈ کے سابق کیوی کرکٹر اور موجودہ ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا امکان بھی پیدا ہوگیا ہے تاہم بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں‌:ٹی 20 اور ون ڈے رینکنگ،نمبر ون ٹیم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا،جانیں‌

یہ بھی پڑھیں