(ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی نظر آنے لگے ہیں اور آئندہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق 16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے، جس میں عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کی گنجائش ملی ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے قیمتوں سے متعلق ورکنگ مکمل کی جا رہی ہے، جس کے بعد حتمی سمری حکومت کو بھجوائی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کے علاوہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی یا استحکام کا امکان ہے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ عالمی قیمتوں، روپے کی قدر اور ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:اگر آپ کے ہاتھ کی ’’شہادت کی انگلی‘‘ چھوٹی ہے تو۔۔۔۔۔، حیرت انگیز انکشاف




