گوجرانوالہ (اوصاف نیوز) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں توسیع کا امکان مسترد کر دیا۔
گوجرانوالہ میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ موسم سرما کی تعطیلات میں بچوں اور اساتذہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے توسیع کی گئی تھی، جس کا فیصلہ صوبے بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی اور تمام اسکول 19 جنوری کی مقررہ تاریخ پر باقاعدہ کھلیں گے۔
بچوں اور اساتذہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے موسمِ سرما کی تعطیلات میں توسیع کی گئی تھی، جس کا فیصلہ صوبہ بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ تاہم واضح رہے کہ اب تعطیلات میں مزید توسیع نہیں ہوگی اور تمام سکول مقررہ تاریخ 19 جنوری کو باقاعدہ طور پر کھلیں گے۔ pic.twitter.com/Jl3qIhIwaW
— Rana Sikandar Hayat (@RanaSikandarH) January 15, 2026
دوسری جانب شدید سردی کے باعث طلبہ کے لیے ایک اور اہم ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن (DPI) کالجز نے یونیفارم کے حوالے سے نرمی کی اجازت دیتے ہوئے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق طلباء کو سردی سے بچاؤ کے لیے کسی بھی رنگ کے سویٹر، کوٹ، جیکٹس، ٹوپی اور موزے پہننے کی اجازت دی گئی ہے اور اس سلسلے میں یونیفارم کی پابندی میں عارضی نرمی کی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن 28 فروری تک نافذ العمل رہے گا جس سے موسم سرما کی موجودہ سردی کی لہر کے دوران طلباء کو نمایاں ریلیف ملے گا۔
والدین اور طلباء کی جانب سے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے جب کہ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ سخت موسمی حالات میں بچوں کی صحت کو ترجیح دینا ایک بروقت اور دانشمندانہ قدم ہے۔
مزید پڑھیں:برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کے لئے بڑی خوشخبری

