Search
Close this search box.
جمعرات ,09 جولائی ,2026ء

پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آزاد کشمیر سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے متعدد اہم رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

یہ اعلان آزاد کشمیر سے مسلم لیگ (ن) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ سے ملاقات کے دوران سامنے آیا، جس میں آئندہ آزاد کشمیر انتخابات، موجودہ سیاسی صورتحال اور ایکشن کمیٹی کے حالیہ احتجاج کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی حکمت عملی، عوامی رابطہ مہم اور پارٹی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کے لیے پرامن، شفاف اور سازگار ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) تمام انتخابی حلقوں میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی، جبکہ انتخابی عمل کی شفافیت، ووٹ کے تقدس اور عوام کے اعتماد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ملاقات میں شریک آزاد کشمیر کے وفد نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے منظم، مؤثر اور بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔

تاہم، ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام اور تعداد سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

مزید پڑھیں۔میری اور صبا کی شادی 29 سال رہی: وسیم عباس نے علیحدگی کی وجہ بتادی

یہ بھی پڑھیں