لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے میٹرو بس سروس استعمال کرنے والی خواتین کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے خواتین کی سہولت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی بسیں سروس میں شامل کر دی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے مطابق خواتین مسافروں کے لیے پانچ بسیں مختص کر دی گئی ہیں، جبکہ پانچ سپیڈو بسوں کو میٹرو بس ٹریک پر خواتین کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے آپریشنل کر دیا گیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان کا کہنا ہے کہ خواتین کو رش کے دوران ہراسگی سے محفوظ رکھنے اور انہیں بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اضافی بسیں شامل کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے سپیڈو بسوں کو عارضی طور پر میٹرو بس فلیٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
بلال اکبر خان نے مزید کہا کہ حکومت جلد سپیڈو بسوں کی جگہ نئی میٹرو بسیں خرید کر خواتین کے لیے مستقل طور پر مختص کرے گی تاکہ انہیں مزید آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ میٹرو بسوں کی تعداد میں کمی کی گئی ہے یا بسیں خراب ہونے کے باعث سپیڈو بسیں چلائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے اضافی بسوں کی شمولیت کے حوالے سے من گھڑت خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ میٹرو بسوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ خواتین کا محفوظ سفر وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں۔نادرا کی نئی مفت سہولت، بغیر کسی فیس کے فوری فائدہ اٹھائیں

