کابل (سپورٹس ڈیسک)افغانستان کرکٹ ٹیم کے اہم فاسٹ بولر نوین الحق انجری کے باعث اگلے ماہ شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق نوین الحق آئندہ ہفتے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔ رپورٹ کے مطابق افغان فاسٹ بولر رواں ماہ کے آخر میں سرجری کروائیں گے، تاہم ان کی انجری کی نوعیت تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک نوین الحق کے متبادل کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں اسپنر اے ایم غضنفر، اعجاز احمد زئی اور فاسٹ بولر ضیا الرحمان شریفی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت میں شروع ہوگا، جبکہ افغانستان ٹیم ایونٹ کے گروپ ڈی میں شامل ہے۔
مزید پڑھیں:روپے کے مقابلے ڈالر مزید سستا


