Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

بشنوئی گینگ کا پنجابی گلوکارسے10 کروڑ روپے بھتے کامطالبہ

(اوصاف نیوز) بھارت کے بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ کی جانب سے معروف پنجابی گلوکار اور میوزک ڈائریکٹر پراتیک بچن المعروف بی پراک کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے اور 10 کروڑ روپے بھتّے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی پراک کے قریبی ساتھی اور پنجابی گلوکار دلنور کو 5 جنوری کو ایک غیر ملکی نمبر سے دو مسڈ کالز موصول ہوئیں، جنہیں ابتدا میں نظر انداز کر دیا گیا۔ تاہم اگلے روز ایک مختلف غیر ملکی نمبر سے کال موصول ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق فون کرنے والے شخص نے اپنی شناخت ارجو بشنوئی کے نام سے کروائی اور دلنور سے کہا کہ وہ یہ پیغام بی پراک تک پہنچا دیں۔ دھمکی دینے والے نے مطالبہ کیا کہ بی پراک 10 کروڑ روپے ادا کریں، اس کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کال کرنے والے نے کہا کہ بی پراک یا ان سے وابستہ افراد کسی بھی ملک چلے جائیں، لیکن اگر ان سے جڑا کوئی شخص ان کے قریب پایا گیا تو نقصان پہنچایا جائے گا۔ اس نے مزید دھمکی دی کہ مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں بی پراک کو جان سے مار دیا جائے گا۔

دلنور کی شکایت پر پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فون کالز اور نمبرز کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پراتیک بچن، جو بی پراک کے نام سے مشہور ہیں، پنجابی اور ہندی موسیقی کے معروف گلوکار اور میوزک ڈائریکٹر ہیں۔ ان کے مشہور گانوں میں “من بھرّیا” اور فلم اینمل کا مقبول گانا “ساری دنیا جلا دیں گے” شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:قصور، دھند اور سردی میں بیچ راستے گانے لگا کر نہانے کی ویڈیو بنانے والا ٹک ٹاکر گرفتار

یہ بھی پڑھیں