اسلام آباد(اوصاف نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، لاہور سمیت ملک بھر میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
مری اور گلیات میں برفباری کا امکان ہے، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔گلیات، چترال، دیر، سوات اور کالام میں شدید برفباری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں کل مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہو گا، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش و ژالہ باری کی توقع ہے۔ 21 سے 23 جنوری کے دوران کوئٹہ اور زیارت میں برفباری کا امکان ہے، شمالی و وسطی بلوچستان میں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔ ژوب، ہرنائی، لورالائی اور قلعہ سیف اللہ میں سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے، خضدار، پنجگور، کیچ، گوادر اور لسبیلہ میں بارش کی توقع ہے۔
کل گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ستھ بارش جبکہ ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ 20 سے 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے اضلاع میں اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہے
، جس کی وجہ سے متعدد موٹرویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا، لاہور میں دھند چھٹنے لگی ،سورج جلوے بکھیرنے لگا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروےایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن تک، موٹروے ایم 3 کو فیض پور سے سمندری تک،موٹروے ایم 4 کو شام کوٹ سے عبدالحکیم تک اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا۔
مزید پڑھیں:گل پلازہ میں کام کرنے والے لاپتا عارف نے آخری کال میں کہا ’’میرا دم گھٹ رہا ہے‘‘

