Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

کپتان سلمان علی آغا کا بابر اعظم کے بارے میں اہم فیصلہ

لاہور (اوصاف نیوز)قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے قومی ہیرو بیٹر بابر اعظم سے متعلق مسلسل سوالات پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے صحافیوں کو واضح پیغام دے دیا۔ پریس کانفرنس کے دوران کپتان نے اپنے اسٹار بیٹر کا بھرپور دفاع کیا اور کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ بابر اعظم کے بارے میں غیر ضروری سوالات نہ کیے جائیں۔

سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو چھوڑ دیں اور انہیں بیٹنگ کرنے دیں، ٹیم میں بابر کے علاوہ بھی دیگر کھلاڑی موجود ہیں، ان کی کارکردگی پر بھی بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بابر ایک ذمہ دار اور پروفیشنل کرکٹر ہیں اور وہ اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں۔

کپتان نے بگ بیش لیگ میں بابر اعظم کی کارکردگی سے متعلق سوال پر کہا کہ اگر بگ بیش میں کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی تو اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ بابر ایک بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں اور اپنی صلاحیت ثابت کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔

سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ ٹیم میں تمام کھلاڑیوں کے کردار واضح ہیں اور ہر کھلاڑی کو معلوم ہے کہ اس سے کیا ذمہ داری لی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پریس کانفرنسز میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی اور دیگر کھلاڑیوں پر بھی بات کی جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو رہا ہے، جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بالترتیب ہفتہ 31 جنوری اور اتوار یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے۔ یہ سیریز آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کی آخری بین الاقوامی سیریز ہے۔
مزید پڑھیں‌:ازبکستان کی عالمی تجارت کا نیا راستہ،پاکستانی بندرگاہیں اسٹریٹجک گیٹ وے کے طور پر ابھریں

یہ بھی پڑھیں