ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ملک کے سرکردہ کھلاڑیوں کو مصروف رکھنے کے لیے ’’اوڈومو بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی کپ‘‘ کے نام سے ایک نئے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا آغاز کر دیا ہے۔
ایونٹ میں وہ تمام ٹاپ کرکٹرز شامل ہوں گے جنہیں حکومت کی جانب سے بھارت میں ہونے والے T20 ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کی وجہ سے بین الاقوامی مقابلے سے باہر کردیا گیا تھا۔
ٹورنامنٹ میں تین ٹیمیں شامل ہوں گی جن میں دھومکیتو الیون، دربار الیون اور دورنتو الیون شامل ہیں۔ ان ٹیموں کی قیادت بالترتیب لٹن داس، نجم الحسن شانتو اور اکبر علی کریں گے۔
راؤنڈ رابن مرحلے میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی۔ گروپ مرحلے کے میچز 5، 6 اور 7 فروری کو شیڈول ہیں جبکہ ٹاپ دو ٹیمیں 9 فروری کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ تمام میچز شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔
بی سی بی نے اس ٹورنامنٹ میں پہلی بار آفیشل میچوں میں “امپیکٹ پلیئر رول” بھی متعارف کرایا ہے۔ اس اصول کے تحت، کسی بھی ٹیم کو میچ کے دوران اپنی ابتدائی الیون میں کسی بھی کھلاڑی کی جگہ بارہویں کھلاڑی کو شامل کرنے کی اجازت ہوگی، جسے ٹاس کے وقت اعلان کردہ فہرست سے منتخب کیا جائے گا۔
بورڈ کے مطابق اس ٹورنامنٹ کو باقاعدہ ٹی ٹوئنٹی کا درجہ حاصل ہوگا اور مجموعی انعامی رقم اور میچ فیس تقریباً 25 ملین ٹکا (تقریباً 200,000 امریکی ڈالر) مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب کرک انفو کے مطابق کچھ بنگلہ دیشی کرکٹرز نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے تاہم انہوں نے کھل کر اپنے جذبات یا 24 جنوری کو سرکاری حکام سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔
بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ میں شرکت اس وقت شکوک و شبہات میں پڑ گئی جب حکومت کے اسپورٹس ایڈوائزر نے اعلان کیا کہ ٹیم بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔ اس فیصلے کے بعد معاملات پیچیدہ ہوگئے اور بالآخر جب مذاکرات ناکام ہوئے تو آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے بجائے اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا۔
اس دوران ڈومیسٹک کرکٹ کی سرگرمیاں بھی محدود رہیں۔ کئی ڈومیسٹک ٹیموں نے ڈھاکا لیگ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ ڈھاکہ پریمیئر ڈویژن کرکٹ لیگ 2025-26 کے سیزن کا آغاز ابھی نہیں ہوا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو میچ پریکٹس کے زیادہ مواقع نہیں مل رہے۔
مزید پڑھیں:اسمارٹ فون صارفین کے لیے خوشخبری، ایک ہفتہ بغیر چارجنگ فون تیار


