برطانیہ (انٹرنیشنل نیوز) پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے ایک اور باوقار اعزاز اپنے نام کر لیا۔
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بعد ملالہ یوسفزئی کی تصویر بھی آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں آویزاں کر دی گئی ہے۔
لیڈی مارگریٹ ہال میں ملالہ کی تصویر لگانے کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ماہرین تعلیم کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس حوالے سے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ تمام ممالک طالبان پر دباؤ ڈالیں اور ان کے ساتھ معمول کے تعلقات نہ رکھیں۔
ملالہ نے کہا کہ طالبان اپنے آدھے ملک کو دبا رہے ہیں، وہ لڑکیوں اور خواتین کو ان کے حقوق سے محروم کر رہے ہیں، تمام ممالک کو انسانی حقوق کی بنیاد پر آگے آنا چاہیے اور مسلم ممالک کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ طالبان کے غیر اسلامی اقدامات کی مذمت کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کو اپنے مذہب کو سمجھنا چاہیے، علم حاصل کرنا دین کا حصہ ہے اور اب وہ مذہب کے نام پر کسی لڑکی کو تعلیم سے محروم نہیں کرسکتے، افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے حوالے سے یہ بہت خطرناک وقت ہے، طالبان لڑکیوں سے تعلیم کا بنیادی حق چھین رہے ہیں اور وہاں لڑکیاں اسکول نہیں جاسکتیں۔
ملالہ نے کہا کہ طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم سے روکنا اسلام کے پیغام کے منافی ہے، طالبان خواتین کو گھر سے باہر نکلنے اور کام کرنے کی اجازت نہیں دے رہے، وہاں کے بچوں کا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے، افغان خواتین اور لڑکیاں ہمت نہیں ہار رہیں، وہ اب بھی خفیہ اسکولوں اور آن لائن تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
ملالہ یوسفزئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں افغان لڑکیوں کے ساتھ کھڑی ہوں اور ان کے منصوبے کی حمایت کرتی ہوں، پاکستانیوں کو افغانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور طالبان کے اقدامات کی مذمت کرنی چاہیے، بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک ’’انسپائریشن‘‘ ہیں۔
اس حوالے سے پورٹریٹ کے اسپانسر حامد اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف ملالہ بلکہ پاکستان کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے کہ ان کی ایک باوقار یونیورسٹی میں تصویر آویزاں کی گئی ہے۔ پورٹریٹ کی اسپانسر شپ کے لیے منتخب ہونا میرے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔
اس موقع پر ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسفزئی کا کہنا تھا کہ انہیں شکر گزار اور فخر ہے کہ بے نظیر کے بعد لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ان کی خدمات پر ملالہ کی تصویر آکسفورڈ یونیورسٹی میں آویزاں کی گئی ہے جب کہ ملالہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ ملالہ کی تصویر آویزاں ہونے پر انہیں بہت خوشی اور فخر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں نئی زندگی دی تھی۔
مزید پڑھیں:بڑی خوشخبری ،عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی


