کولمبو (اسپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ طرز کے اہم مقابلے میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کی مینجمنٹ شدید مایوسی کا شکار ہے جبکہ سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹیم انتظامیہ آئندہ میچ کے لیے حکمتِ عملی میں بڑی تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے میچ میں کپتان بابر اعظم اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو آرام کروانے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ ان کی جگہ بینچ اسٹرنتھ کو موقع دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نمیبیا کے خلاف اہم میچ میں دو سے تین تبدیلیاں متوقع ہیں تاکہ ٹیم میں نیا کمبی نیشن آزمایا جا سکے اور ان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے جو اب تک پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکے۔
پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا، جو سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے فیصلہ کن حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ قومی ٹیم کے لیے اس میچ میں کامیابی ناگزیر ہوگی کیونکہ اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے نمیبیا کو ہر صورت شکست دینا ضروری ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ بارش کی صورت میں بھی پاکستان کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات برقرار رہیں گے، تاہم ٹیم مینجمنٹ کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچنے کے لیے واضح کامیابی کی خواہاں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کے اندرونی حالات اور کارکردگی کے تناظر میں آئندہ میچ میں نوجوان اور متبادل کھلاڑیوں کو آزمانا مستقبل کی حکمتِ عملی کا حصہ بھی ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:سپریم کورٹ: عمران خان کی میڈیکل رپورٹس فراہم کرنیکا مطالبہ


