اسلام آباد: آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت مکمل ہو گئی ہے، جس کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی آ گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 1265 امیدواروں نے مختلف حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق 45 انتخابی حلقوں کے لیے امیدواروں نے ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ان میں آزاد کشمیر کے حلقے اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کے حلقے بھی شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مہاجرین جموں و کشمیر کے 12 حلقوں سے 218 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔ میرپور ڈویژن سے 409، پونچھ ڈویژن سے 344 جبکہ مظفرآباد ڈویژن سے 294 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 جون مقرر تھی، اور مقررہ وقت کے بعد تمام درخواستوں کی وصولی مکمل کر لی گئی ہے۔ اب اگلے مرحلے میں دستاویزات کی جانچ پڑتال شروع کی جائے گی۔
دوسری جانب سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 45 میں سے 40 حلقوں کے لیے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے ہیں جبکہ باقی حلقوں میں ناموں کا اعلان جلد متوقع ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم کانفرنس اور دیگر سیاسی جماعتیں بھی اپنے امیدواروں کے انتخاب اور ٹکٹوں کی تقسیم کے عمل کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے اس مرحلے کی تکمیل کے بعد انتخابی ماحول مزید گرم ہو جائے گا اور آئندہ دنوں میں سیاسی اتحاد اور کمپین میں تیزی آنے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق اب امیدواروں کی جانچ پڑتال، اعتراضات اور اپیلوں کے مراحل مکمل کیے جائیں گے، جس کے بعد حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔



