Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ نرخ میں 10 ہزار 400 روپے کی کمی

کراچی: سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان برقرار ہے اور عالمی و مقامی مارکیٹوں میں منگل کے روز سونے کے نرخوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 10 ہزار 400 روپے کم ہو گئی ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 42 ہزار 636 روپے سے کم ہو کر 4 لاکھ 32 ہزار 236 روپے پر آ گئی ہے۔

اسی طرح 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت میں 9 ہزار 360 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 68 ہزار 985 روپے مقرر کی گئی۔ جبکہ 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 8 ہزار 508 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 38 ہزار 575 روپے ہو گئی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی جہاں فی اونس سونا 104 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 98 ڈالر پر آ گیا، جو پہلے 4 ہزار 202 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔

چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 487 روپے کم ہو کر 6 ہزار 664 روپے پر آ گئی جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 438 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 641 روپے ہو گئی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت بھی 66.714 ڈالر سے کم ہو کر 61.853 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول، ڈالر کی صورتحال اور بین الاقوامی معاشی رجحانات کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں عالمی معاشی حالات کے مطابق قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مزید تبدیلی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں