اسلام آباد (اوصاف نیوز) متحدہ عرب امارات میں ایران کے حالیہ حملے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کی شناخت سامنے آ گئی ہے۔
پاکستانی سفارتی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شہری کا نام مرید زمان ولد نظرعلی ہے، جو ابوظبی میں ملازمت کر رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں سے تھا اور وہ گزشتہ روز حملے کے دوران جاں بحق ہوئے۔
دوسری جانب اماراتی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی ڈرون حملوں میں مجموعی طور پر 3 غیر ملکی شہری ہلاک اور 58 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی، ایک نیپالی اور ایک بنگلادیشی شہری شامل ہے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق زخمیوں میں ایک پاکستانی سمیت مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اماراتی حکام کا مزید کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے 165 بیلسٹک میزائل داغے گئے، جن میں سے 152 کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کر دیا گیا جبکہ 13 میزائل سمندر میں گرے۔ اس کے علاوہ داغے گئے 2 کروز میزائل بھی فضا میں مار گرائے گئے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق ایران کی جانب سے بھیجے گئے 541 ڈرونز میں سے 506 کو تباہ کر دیا گیا، جبکہ باقی ڈرونز کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
حالیہ حملوں کے بعد خطے کی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے اور سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں سونے کی قیمت


