کراچی (نیوز ڈیسک) رمضان المبارک میں بھیک مانگنے سعودی عرب جانے والے 900 کے قریب پاکستانی شہریوں کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانگی کے دوران روک لیا گیا۔ یہ کارروائی وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری مہم کے ایک حصے کے طور پر کی گئی۔
ایف آئی اے کراچی زون کے ڈائریکٹر منتظر مہدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایجنسی نے رمضان میں بھیک مانگنے کے لیے بیرون ملک جانے والوں کے خلاف خصوصی آپریشن شروع کیا ہے۔ صرف کراچی ایئرپورٹ پر 900 کے قریب افراد کو جانے سے روک دیا گیا جو سعودی عرب جا کر بھیک مانگنے کا ارادہ کر رہے تھے۔
منتظر مہدی کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹیلی جنس کا موثر نظام قائم کیا گیا ہے اور مشکوک مسافروں کی سخت اسکریننگ کی جارہی ہے۔ اس آپریشن کا مقصد پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کو ختم کرنا اور غیر قانونی نیٹ ورکس کو روکنا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کا کہنا تھا کہ یہ کریک ڈاؤن سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کی مسلسل ملک بدری کے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیے گئے بہت سے پاکستانیوں پر الزام ہے کہ وہ وہاں عمرہ یا ملازمت کے ویزوں پر بھیک مانگتے ہیں، جس سے خلیجی ممالک کے سماجی نظام کو نقصان پہنچتا ہے اور پاکستان کی بدنامی ہوتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مشتبہ بھکاریوں کی شناخت کے لیے سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیے گئے لوگوں کے ریکارڈ، سفری تاریخ اور دیگر متعلقہ معلومات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ جعلی ویزوں اور ایجنٹوں کی روک تھام کے لیے قائم کیے گئے فیسیلیٹیشن ڈیسک سے روزانہ 250 سے زائد شہری رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔
منتظر مہدی نے کہا کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران لوگوں کو بیرون ملک ملازمتیں دلانے کا جھانسہ دینے والے سات گروہوں کا پردہ فاش ہوا ہے۔ اسی طرح غیر قانونی حوالاتیوں اور ہنڈی کے خلاف مختلف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی بھی قبضے میں لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجرمانہ نیٹ ورکس کے ذریعے فراڈ کا شکار ہونے والے افراد کا اکثر استحصال کیا جاتا ہے، اور ایف آئی اے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کہ کوئی بھی پاکستانی غیر قانونی طور پر بیرون ملک سفر کرنے، سمندری راستوں پر زندگی کو خطرے میں ڈالنے یا بھیک مانگنے جیسے جرائم میں ملوث نہ ہو۔
مزید پڑھیں:ایران کو جوہری ہتھیار کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کا سخت مؤقف


