ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 128 رنز سے شکست دے دی ہے۔ 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔
ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے تحت ہوا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں بنگلہ دیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا تاہم میزبان ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے معز صداقت اور حارث رؤف نے 3،3، شاہین شاہ آفریدی نے 2، محمد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی پر معز صداقت کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 274 رنز بنائے۔ معز صداقت 75، سلمان علی آغا 64 اور محمد رضوان 44 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین اور مہدی حسن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے کپتان مہدی حسن نے کہا کہ وہ پچھلے میچ کی جیت کے فارمولے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں اس لیے انہوں نے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
مہدی حسن نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وہی کھلاڑی میدان میں اترے ہیں جنہوں نے پہلا میچ جیتا تھا۔
اس موقع پر پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ بلے بازوں کو اپنی غلطیوں کا احساس ہے اور وہ اس میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ آج ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اسپنر ابرار احمد کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔
66 سالہ نینا گپتا نے حاملہ ہونے کی افواہوں پر خاموشی توڑ دیمزید پڑھیں:


