اسلام آباد(اوصاف نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں غذائی صورتحال اور اشیاء خورونوش کی برآمدات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی عالمی اور علاقائی صورتحال کے پیش نظر خوراک کی طلب و رسد، برآمدی استعداد اور ملکی ذخائر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان میں اشیاء خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی بھی چیز کی قلت نہیں ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ملکی غذائی ضروریات کو متاثر کئے بغیر برادر خلیجی ممالک کو اعلی معیار کی اشیاء خورونوش برآمد کی جائیں، اور عالمی سپلائی چینز میں پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کے زرعی شعبے بشمول زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری اور سی-فوڈ میں برآمد کی وسیع استعداد موجود ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے گی اور برادر خلیجی ممالک میں تعینات سفیران و ٹریڈ افسران کو متحرک رہنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے مزید ہدایت کی کہ پی این ایس سی بحری راستے کے ذریعے اشیاء خورونوش کی برآمد کے تمام اقدامات بروقت اور موثر انداز میں مکمل کئے جائیں۔ اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ صوبائی چیف سیکریٹریز اور متعلقہ شعبے کی نجی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیرِ اعظم کے مطابق، برادر خلیجی ممالک کو فراہم کی جانے والی اشیاء خورونوش کے معیار اور مقدار کو یقینی بنایا جائے تاکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور خطے میں غذائی تحفظ میں کردار مستحکم رہے۔
مزید پڑھیں:امریکا آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے دیگر ملکوں حتیٰ کہ چین سے بھیک مانگنے پر مجبور ہوگیا ہے: عباس عراقچی


