Search
Close this search box.
هفته ,06 جون ,2026ء

رحیم یار خان حادثہ، جاں بحق خواتین کے لواحقین کو 10 لاکھ،زخمیوں کو 3 لاکھ روپےدینے کا اعلان

رحیم یار خان (اوصاف نیوز)چئیر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گذشتہ روز ہونے والے حادثے میں زخمی خواتین کی عیادت کی۔ اس موقع پر ایم پی اے سردار حبیب الرحمن، ہسپتال کے ایم ایس اور بی آئی ایس پی کے افسران بھی موجود تھے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے زخمی خواتین کی خیریت دریافت کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرین کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف کی رقوم کی تقسیم پارٹنر بینکوں کے ذریعے کی جاتی ہے، تاہم اس واقعے کے تناظر میں متعلقہ بینک کی غفلت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے بھاری جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی خواتین کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو فی کس 3 لاکھ روپے فراہم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمی خواتین کا علاج بالکل مفت کیا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کے بچوں کے تعلیمی وظائف بھی جاری رہیں گے تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔

بعد ازاں، سینیٹر روبینہ خالد افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والی بی آئی ایس پی کی چار مستحق خواتین انور مائی (چک 123)، پروین بی بی (چک 123)، شہناز خاتون (چک 125) اور علیمہ خاتون (چک 114) کے گھر بھی گئیں۔

انہوں نے مرحوم خواتین کیلئے دعائے مغفرت کی جبکہ اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: رمضان پیکج، مستحق افراد اپنا نام آن لائن چیک کریں

یہ بھی پڑھیں