Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

دوران میچ دل کا دورہ پڑنے سے نوجوان کرکٹر انتقال کر گیا

اترپردیش(اوصاف نیوز)بھارت میں کھیل کے دوران نوجوان کرکٹر کی ہلاکت کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آ گیا ہے، جس نے کھیل کے میدان میں بڑھتے ہوئے ہارٹ اٹیک کے کیسز پر تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں 22 سالہ نوجوان ثاقب کرکٹ کھیلتے ہوئے اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔ واقعہ حافظ تھانہ گنج کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ثاقب اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ میچ میں مصروف تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق کھیل کے دوران اچانک ثاقب کی طبیعت بگڑی اور وہ زمین پر گر پڑا۔ موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر اسے قریبی اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ دل کا دورہ معلوم ہوتا ہے، جبکہ حتمی وجہ کا تعین طبی معائنے کے بعد کیا جائے گا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ عرصے میں کھیل کے دوران نوجوانوں میں اچانک دل کے دوروں کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس پر طبی ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سخت جسمانی سرگرمی سے قبل مکمل طبی معائنہ، مناسب فٹنس اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔

مقامی افراد اور سوشل میڈیا صارفین نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کھیل کے میدانوں میں ایمرجنسی طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں:جنگ بندی کیلئے ایران کی سخت شرائط، خطے میں نئی ہلچل

یہ بھی پڑھیں