لاہور(اوصاف نیوز) شہری ہوجائیں تیار، ٹریفک پولیس کوایک بارپھر چالان ٹارگٹ دے دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ٹریفک وارڈنزکو روزانہ پچیس چالان کرنے کا حکم دے دیا گیا، ایس پی ظفر عباس نقوی نے ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارجز کو احکامات سے متعلق آگاہ کر دیا۔
ایس پی ٹریفک لاہور ظفر عباس نے کہا ہے کہ لفٹر انچارجز بھی روزانہ کی بنیاد پر پانچ کے بجائے دس چالان کریں گے، ڈرائیونگ لائسنس چیک کرنے کے لئے ٹریفک وارڈنز ناکہ بندی کریں، روزانہ کی بنیاد پر چالان اور لائسنس ڈائری چیک ہو گی۔
اس حوالے سے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سستی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے ٹریفک وارڈنز اور پٹرولنگ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارجز سستی کا مظاہرہ کرنے والے وارڈنز کی نشاندہی کریں۔
ایس ٹریفک نے مزید کہا کہ چالان ٹارگٹ مکمل نہ کرنے والے ٹریفک وارڈنز کے لئے فیلڈ میں کوئی جگہ نہیں، انہیں دفاتر بھجوا دیا جائے گا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں، ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ اور درست دستاویزات ہمراہ رکھیں تاکہ جرمانوں سے بچا جا سکے، شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور مصروف شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور حادثات میں کمی لانا ہے، تاہم شہریوں کی جانب سے چالان ٹارگٹ پالیسی پر تحفظات بھی سامنے آ رہے ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قانون پر یکساں عملدرآمد کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ ڈرائیورز کو قوانین کی بہتر سمجھ دی جا سکے۔
مزید پڑھیں:دھمکیوں کے سائے میں مذاکرات کسی صورت قبول نہیں: اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ





