لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے 30ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 9 رنز سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے دیئے گئے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز ہی بنا سکی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ریلی روسو 62 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے، شمائل حسین نے 53 جبکہ کپتان سعود شکیل نے 17 رنز بنائے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خواجہ نافی 12، بریٹ ہیمپٹن 7، بیون جیکب 2 جبکہ حسن نواز کھاتہ کھولے بغیر چلے گئے، ابرار احمد 14 اور الزاری جوزف نے 3 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 2 جبکہ کپتان شاہین آفریدی، عبید شاہ، سکندر رضا اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان 51 گیندوں پر 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، چیرتھ اسالنکا 31، عبداللہ شفیق 14 اور محمد فاروق 4 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی 8 رنز، سکندر رضا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ڈینیئل سمز نے 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خلیل احمد نے دو جبکہ ابرار احمد، عثمان طارق اور بریٹ ہیمپٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں عام تعطیلات کا اعلان

