اسلام آباد(نیوز ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مبینہ ٹیکس چوری کی اطلاعات پر ٹاپ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفاتر پر چھاپہ مار کارروائی کی ہے، جس کے بعد رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ہلچل مچ گئی۔
ذرائع کے مطابق ایل ٹی یو اسلام آباد کی ٹیم نے کارروائی کے دوران سوسائٹی سے اہم مالی ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ایکشن انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی سیکشن 175 کے تحت کیا گیا، جس کے تحت حکام کو ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا اختیار حاصل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹاپ سٹی کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، جبکہ ایف بی آر پہلے ہی مالی سال 2025 کے لیے سوسائٹی کا ٹیکس آڈٹ بھی شروع کر چکا ہے۔
حکام کے مطابق چھاپے کا مقصد مبینہ ٹیکس بے ضابطگیوں کی چھان بین اور مالی معاملات کی مکمل جانچ ہے، جبکہ مزید پیش رفت تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔

