واشنگٹن ڈی سی (انٹرنیشنل ڈیسک) پاسپورٹ ڈی سی کے موقع پر ایک رنگا رنگ اور عالمی ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان سمیت 68 ممالک کے سفارت خانوں نے عوام کے لیے اپنے دروازے کھول دیے۔ پاکستانی سفارت خانے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جہاں پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور فنونِ لطیفہ کو بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔ ٹرک آرٹ، روایتی ملبوسات، زیورات اور دستکاری کے خوبصورت نمونے شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
تقریب میں پاکستانی کھانوں کے اسٹالز نے بھی خاص توجہ حاصل کی، جہاں غیر ملکی مہمانوں نے روایتی ذائقوں کو سراہا۔ مہندی اور اردو خطاطی کے اسٹالز پر بھی غیر ملکی مہمانوں کی بڑی تعداد نے دلچسپی ظاہر کی اور روایتی فنون کو قریب سے دیکھا۔ ثقافتی ماحول کو مزید دلکش بنانے کے لیے طبلہ، ہارمونیم، بانسری اور ڈھول کی روایتی دھنیں پیش کی گئیں، جنہوں نے شرکاء کو محظوظ کیا۔
پاکستان کی سیاحت، معیشت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں، جن میں ملک کی ترقی اور امکانات کو اجاگر کیا گیا- تقریب میں پاک امریکہ تعلقات کو بھی نمایاں کیا گیا اور امریکہ کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی سجاوٹ کی گئی۔
مزید پڑھیں:روزگار کے دروازے کھل گئے،ہنر مند افراد کیلئے سنہری مواقع





