واشنگٹن (اوصاف نیوز) امریکی فوج کے اعلیٰ کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ پیر کے روز آبنائے ہرمز میں ایرانی حملوں کے جواب میں امریکی افواج نے ایران کی چھ چھوٹی کشتیوں کو تباہ کر دیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈلی کوپر کے مطابق ایران نے امریکی بحریہ کے جہازوں اور ان تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا جو امریکی فوج کے حفاظتی نظام کے تحت علاقے میں موجود تھے۔
https://x.com/AlArabiya/status/2051516029986041937?s=20
سی این این کے مطابق ایڈمرل کوپر نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایران کی جانب سے متعدد کروز میزائل، ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے حملے کیے گئے، جس کے بعد فوری ردعمل میں امریکی ہیلی کاپٹروں نے کارروائی کی۔ ان کے مطابق اس آپریشن میں اپاچی اور ایس ایچ-60 سی ہاک ہیلی کاپٹروں کو استعمال کرتے ہوئے ایرانی کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کی جانب سے تجارتی جہازوں کو روایتی انداز میں “اسکارٹ” فراہم نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی جہاز کو براہ راست اسکارٹ کیا جائے تو وہ ایک محدود حکمت عملی ہوتی ہے، تاہم امریکہ نے اس کے برعکس ایک وسیع اور کئی سطحوں پر مشتمل دفاعی نظام ترتیب دیا ہوا ہے۔
ایڈمرل کوپر کے مطابق اس جدید دفاعی نظام میں بحری جہاز، ہیلی کاپٹر، جنگی طیارے، فضائی نگرانی کے نظام اور الیکٹرانک وارفیئر شامل ہیں، جو مل کر ایک مضبوط اور ہمہ جہت حفاظتی حصار قائم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام روایتی اسکارٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ مؤثر اور وسیع دائرہ کار رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں:آج 5 مئی 2026 کو پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں سعودی ریال کی قیمت


