Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

انتخابی دنگل آج سجے گا، برمنگھم میں ریکارڈ 170 سے زائد پاکستانی اور مسلم امیدوار بھی میدان میں

لندن(اوصاف نیوز) برطانیہ میں آج اہم انتخابی دنگل سجنے جا رہا ہے جہاں اسکاٹ لینڈ اور ویلز کی پارلیمنٹس سمیت انگلینڈ کی 136 مقامی کونسلوں کے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوگی۔ ان انتخابات کو برطانیہ کی مستقبل کی سیاسی سمت کے تعین کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 5 ہزار 66 نشستوں پر مقابلہ ہوگا، جن کیلئے 25 ہزار سے زائد امیدوار میدان میں اترے ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتیں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلا چکی ہیں جبکہ عوام کی نظریں آج کے نتائج پر مرکوز ہیں۔

برمنگھم سمیت مختلف شہروں میں پاکستانی اور مسلم کمیونٹی کی سیاسی سرگرمیاں بھی نمایاں دکھائی دے رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق صرف برمنگھم میں 170 سے زائد پاکستانی اور مسلم امیدوار مختلف نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں، جسے برطانوی سیاست میں ایشیائی اور مسلم کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی نمائندگی قرار دیا جا رہا ہے۔

ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہوگا اور رات 10 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ ووٹوں کی گنتی جمعہ کی صبح شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ سیکیورٹی اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن حکام نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ انتخابات نہ صرف مقامی حکومتوں کی تشکیل بلکہ برطانیہ کی مجموعی سیاسی فضا اور بڑی جماعتوں کی عوامی مقبولیت کا اہم امتحان بھی ثابت ہوں گے۔
مزید پڑھیں:بھارتی اداکار ’وجے‘ کی سیاسی جماعت نے تامل ناڈو میں الیکشن جیت لیا،نیا وزیر اعلیٰ منتخب

یہ بھی پڑھیں