Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

لبنان میں جنگ بندی کے بعد شدید ترین کشیدگی، اسرائیل کے جنوبی بیروت پر حملے

(اوصاف نیوز)ماہ اپریل میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے جنوبی لبنان میں مسلسل دوسرے دن شدید ترین کشیدگی دیکھی گئی۔ ’’ العربیہ/ الحدث ‘‘ کی نامہ نگار نے بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے ہفتے کے روز لبنان کے جنوبی علاقوں کے درجنوں دیہاتوں اور قصبوں پر مسلسل حملے کیے۔ بمباری میں حاروف، کفر تبنيت، حداثا اور النبطية کے ساتھ ساتھ برج رحال، جناتا، السكسكية اور العباسية کے قصبوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج نے دو فضائی حملے کیے۔ پہلا جنوبی بیروت کے علاقے السعديات میں کیا گیا۔ اس حملے میں لبنانی دارالحکومت کو جنوب سے ملانے والی شاہراہ پر ایک کار کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسرا حملہ ملتقى النهرين-الشوف روڈ پر ایک کار پر کیا گیا جو بیروت سے تقریباً 20 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے اور پہلے حملے کے مقام سے زیادہ دور نہیں ہے۔ دیگر حملوں میں بھی جنوب میں مختلف مقامات پر 3 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب حزب اللہ نے لبنان پر اسرائیلی فوج کے حملوں کے جاری رہنے کے جواب میں شمالی اسرائیل میں فوجیوں کے ایک گروپ پر خودکش ڈرون چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور جنوبی لبنان کے دیہاتوں پر ہونے والے حملوں کے جواب میں ہمارے جنگجوؤں نے مسغاف عام کے قریب اسرائیلی فوج کے ایک اجتماع کو خودکش ڈرون سے نشانہ بنایا اور یقینی ہدف حاصل کرلیا۔ اسرائیل نے کل بھی جنوب کے درجنوں قصبوں پر شدید حملے کیے تھے اور ملک کے مشرقی حصے میں بقاع کے علاقوں پر بھی بمباری کی تھی۔

جنوبی لبنان سے  (آرکائیو - اے ایف پی)
یاد رہے گزشتہ 17 اپریل سے جنگ بندی کے نفاذ کے باوجود اسرائیل سرحدی قصبوں میں حملے، دھماکے اور مکانات مسمار کرنے کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

حزب اللہ ملک کے جنوبی حصوں پر قابض اسرائیلی افواج پر حملے کر رہی ہے اور ان پر یا شمالی اسرائیل کی طرف راکٹ اور ڈرون فائر کرتی ہے۔ دو مارچ کو حزب اللہ کے ساتھ جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 2750 افراد جاں بحق اور 10 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔ بے گھر ہونے والے ان افراد کا تعلق خاص طور پر ملک کے جنوب اور بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں