ماسکو: (اوصاف نیوز) سعودی عرب اور روس کے درمیان باہمی ویزا فری سفری معاہدہ 11 مئی 2026 سے باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے شہری مختصر مدت کے سفر کے لیے بغیر ویزا ایک دوسرے کے ممالک کا سفر کر سکیں گے۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
روسی اور سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے شہری سیاحت، کاروباری سرگرمیوں، خاندانی ملاقاتوں اور مختصر دوروں کے لیے بغیر ویزا سفر کر سکیں گے، جبکہ ایک سال کے دوران زیادہ سے زیادہ 90 دن تک قیام کی اجازت ہوگی۔
روسی میڈیا ادارے “ازویستیا” کے مطابق روسی وزارت اقتصادی ترقی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، تجارت اور عوامی روابط میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ حکام کے مطابق ویزا پابندی ختم ہونے سے سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع میں بھی وسعت آئے گی۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ دسمبر 2025 میں ریاض میں منعقدہ سعودی روسی سرمایہ کاری و بزنس فورم کے دوران طے پایا تھا، جسے اب باضابطہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ سہولت سفارتی، خصوصی اور عام پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں پر لاگو ہوگی۔ روس پہلا ملک بن گیا ہے جس کے ساتھ سعودی عرب نے عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے مکمل ویزا فری معاہدہ نافذ کیا ہے۔
تاہم دونوں ممالک نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت ملازمت، تعلیم، مستقل رہائش، حج یا عمرہ کے لیے استعمال نہیں کی جا سکے گی اور ان مقاصد کے لیے علیحدہ ویزا درکار ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اس معاہدے سے روس اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے جبکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط میں بھی اضافہ ہوگا۔
مزید پڑھیں:اداکار وجے کا وزیراعلیٰ بنتے ہی گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا حکم


