اسکردو: گلگت بلتستان انتخابات 2026 کے ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حلقہ جی بی اے-7 اسکردو ون سے پاکستان پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کے امیدوار سید توقیر مہدی سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق سید توقیر مہدی نے 4 ہزار 500 ووٹ حاصل کیے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار راجہ جلال حسین خان 4 ہزار 56 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم آخرکار پیپلز پارٹی کے امیدوار نے میدان مار لیا۔
گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں کے لیے پولنگ اتوار کی شام 5 بجے اختتام پذیر ہوئی تھی جس کے بعد مختلف حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا۔ اسکردو ون وہ پہلی نشست ہے جہاں مکمل غیر سرکاری نتیجہ سامنے آیا ہے۔
گلگت بلتستان انتخابات 2026 کے دوران مجموعی طور پر انتخابی ماحول پرامن رہا۔ الیکشن حکام کے مطابق کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم چند پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی کارکنوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی کی اطلاعات سامنے آئیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں 9 لاکھ 50 ہزار سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ تھے جبکہ تقریباً 400 امیدوار مختلف نشستوں پر قسمت آزما رہے تھے۔ انتخابی عمل کے لیے 1391 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔
دیگر حلقوں سے بھی غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں مزید نشستوں کی صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے۔

