اسلام آباد(نیوز ڈیسک) حکومتی اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کے بجٹ کے حوالے سے مطالبات اور تجاویز سامنے آگئیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے غریب اور ملازمت پیشہ طبقے کو ریلیف دینے کے لیے بجٹ تجاویز حکومت کے ساتھ شیئر کر دی ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے ملکی معاشی صورتحال اور مہنگائی کے تناظر میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی پی پی ذرائع کے مطابق پارٹی کا مؤقف ہے کہ ملک میں مہنگائی کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں تنخواہوں اور پنشن میں یہ اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی نے غریب مزدور طبقے کے لیے ملک میں کم از کم ماہانہ اجرت بڑھا نے کی تجویز بھی دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی پارٹی نے بجٹ میں کسی بھی قسم کے نئے ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی میں اضافے کے اقدامات کی سخت مخالفت کی ہے۔
پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پہلے ہی عوام سے ضرورت سے زیادہ ٹیکسز اور لیوی وصول کی جا رہی ہے، اب عوام پر مزید بوجھ ڈالنا ظلم کے مترادف ہو گا۔
پی پی پی نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ غریب عوام پر نئے ٹیکسز کا بوجھ ڈالنے کے بجائے ملکی آمدن بڑھانے کے لیے دیگر نئے اور غیر روایتی راستے تلاش کیے جائیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے تنخواہ اور پنشن بارے پیپلزپارٹی کے مطالبات ماننے سے انکار کر دیا ہے ،جس کے بعد سیاسی و معاشی بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں۔قلعہ عبداللہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ، اے این پی رہنما قتل

