Search
Close this search box.
منگل ,09 جون ,2026ء

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چار مطلوب افراد پر انعام مقرر

مظفرآباد: حکومت آزاد جموں و کشمیر نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ چار مطلوب افراد کے خلاف بڑا اقدام کرتے ہوئے ان کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والوں کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ صدر آزاد کشمیر کی منظوری کے بعد کیا گیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، خواجہ مہران ارشد اور سردار امان خان مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔

حکام کے مطابق مطلوب افراد کی گرفتاری یا ان کے بارے میں مؤثر معلومات فراہم کرنے والے شخص کو ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اطلاع فراہم کرنے والے فرد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

محکمہ داخلہ نے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو فوری قانونی کارروائی اور مطلوب افراد کی گرفتاری کے لیے متحرک کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انعامی رقم پولیس رولز 1934 کے تحت مقرر کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے مطلوب عناصر اور ممنوعہ قرار دی گئی تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکیورٹی اداروں کو خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں تاکہ مطلوب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کے قیام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ ادارے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں