اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر محدود نوعیت کی کارروائیاں کی گئیں جن میں فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے بتایا کہ پاکستان میں 9 جون کو موسیٰ درہ میں فیڈرل کانسٹیبلری کی چوکی پر دہشتگرد حملہ ہوا جب کہ اس سے قبل 2 جون کو شمالی وزیرستان میں ایک فوجی چوکی پر گاڑی میں نصب خودکش بم حملہ ہوا اور 9 مئی کو بنوں کے ایک پولیس اسٹیشن پر خودکش حملہ کیا گیا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر محدود نوعیت کی کارروائیاں کی گئیں جن میں فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات پردہشتگردکیمپوں اور محفوظ ٹھکانوں کوانتہائی درستگی اور احتیاط سے نشانہ بنایا گیا، اس کارروائی کے دوران 4 اہم اہداف مکمل طور پر تباہ کردیے گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ تباہ کیے گئے اہداف میں ایک تربیتی مرکز، ایک خفیہ ٹھکانہ اور اسلحہ کا ذخیرہ شامل تھے، اس دوران خارجی کمانڈر علیم خان خوشحالی اور کمانڈر اختر محمد جانی خیل کے مراکز نشانہ بنائے گئے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہےگی، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے کوشاں رہا ہے اور اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور قومی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، ملک سے بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں۔پیکا ایکٹ ؛پی ٹی آئی رہنماء سیمابیہ طاہر کی عبوری ضمانت منظور


