Search
Close this search box.
بدھ ,10 جون ,2026ء

کراچی میں گرمی کا زور برقرار، حبس نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں

کراچی: ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے، جہاں بدھ کے روز حبس میں اضافے کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ شدید گرمی اور مرطوب موسم نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر ایک بجے کراچی کا اصل درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم نمی کے تناسب میں اضافے کے باعث گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس کی گئی۔ اسی وجہ سے محسوس ہونے والا درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اس وقت شہر میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوب مغربی سمت سے 26 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نمی اور درجہ حرارت کے امتزاج سے انسانی جسم پر گرمی کے اثرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔

کراچی میں گرمی کے موجودہ سلسلے کے دوران گزشتہ روز بھی محسوس ہونے والا درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہیٹ ویو الرٹ کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر 12 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں بھی معمول سے زیادہ گرمی محسوس کی جا سکتی ہے۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور خود کو ہائیڈریٹ رکھیں۔ بچوں، خواتین، بزرگ افراد اور بیمار شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں