Search
Close this search box.
بدھ ,10 جون ,2026ء

ماہرہ خان کی شاہ چارلس سے یادگار ملاقات، فلاحی کاموں کی تعریف

لندن: پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے برطانیہ میں منعقدہ ایک اہم تقریب کے دوران برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سے ملاقات کی، جہاں دونوں شخصیات کے درمیان سماجی اور فلاحی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ماہرہ خان نے لندن میں منعقدہ برٹش ایشین ٹرسٹ کی تقریب میں شرکت کی، جس کے موقع پر انہیں شاہ چارلس سے ملاقات کا موقع ملا۔ اداکارہ کے مطابق یہ ملاقات نہایت خوشگوار اور یادگار رہی، جس میں مختلف سماجی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

ماہرہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ چارلس نے ان کی فلاحی سرگرمیوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور ان خدمات پر شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے بادشاہ مختلف سماجی منصوبوں اور خیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھرپور آگاہی رکھتے ہیں اور ان موضوعات پر گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق شاہ چارلس مسلسل یہ جاننے کی کوشش کر رہے تھے کہ مختلف فلاحی منصوبے کس انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور وہ کن سماجی سرگرمیوں کا حصہ ہیں۔ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کے دوران ذہنی صحت، سماجی بہبود اور معاشرتی مسائل پر بھی مفید تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے ذہنی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ذہنی بیماریوں کو بھی جسمانی بیماریوں کی طرح سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ان کے مطابق معاشرے میں ہراسانی، تشدد اور دیگر سماجی مسائل کے خاتمے کے لیے اجتماعی شعور اور مثبت رویوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔

ماہرہ خان نے مزید کہا کہ قانون شکنی اور تشدد میں ملوث افراد کے خلاف مؤثر کارروائی ہونی چاہیے تاکہ معاشرے میں مثبت مثال قائم ہو اور لوگوں میں قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر ہو۔

یہ بھی پڑھیں