اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ اور رواں مالی سال کے اقتصادی جائزے کی حتمی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق ملکی معیشت کی سالانہ کارکردگی پر مبنی ’اقتصادی جائزہ 26-2025 آج پیش کیا جائے گا، جبکہ وفاقی بجٹ کل 12 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے رکھا جائے گا۔ سینیٹ اور پارلیمانی رہنماؤں کے اہم اجلاسوں میں بجٹ کی منظوری کا شیڈول اور عوامی ریلیف اقدامات کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے اربوں روپے کی سبسڈی
محمد اورنگزیب نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کا پورا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے 3 ہفتوں کے دوران 129 ارب روپے کی بھاری سبسڈی فراہم کی۔
اس سبسڈی کے لیے سرکاری ترقیاتی پروگرام میں کٹوتیاں کی گئیں، جس میں سے اب تک 5.4 ارب روپے جاری ہو چکے ہیں۔ اس فنڈ سے 8 لاکھ موٹر سائیکل صارفین کو مالی امداد دی جا رہی ہے جبکہ کسانوں کے لیے 4 ارب روپے سے زیادہ کی معاونت مختص کی گئی ہے۔
13 کھرب روپے کا تاریخی ٹیکس ہدف
وزیر خزانہ نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے لیے 13 کھرب روپے محصولات جمع کرنے کا بھاری ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے ملکی خود داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ‘2022 کے تباہ کن سیلاب کے برعکس، پاکستان نے حالیہ شدید مالی دباؤ کے باوجود بین الاقوامی امداد کی اپیل نہیں کی، بلکہ اپنے ہی وسائل سے نقصانات کا ازالہ کرنے کی کوشش کی ہے’۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی کوئی نیا ٹیکس نہیں بلکہ یہ ملکی مالیاتی فریم ورک کا مستقل حصہ ہے۔
مزید پڑھیں۔کینسر میں مبتلا سابق کرکٹر کیتھ پائپر زندگی کی بازی ہار گئے
