پاکستان ریلوے کی آؤٹ سورسنگ کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت پانچ بڑی مسافر ٹرینوں کی کمرشل مینجمنٹ نجی شراکت داروں کے حوالے کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کو ریلوے کی تاریخ کا ایک اہم اور کامیاب قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی آؤٹ سورسنگ کے تحت عوام ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس سمیت پانچ ٹرینوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایا جائے گا۔ اس کے علاوہ میانوالی اور نارووال پسنجر ٹرینیں بھی نجی شعبے کے تعاون سے بہتر سہولیات کے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان پانچ ٹرینوں کی کمرشل مینجمنٹ تقریباً پونے گیارہ ارب روپے میں نجی شراکت داروں کو دی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل انہی ٹرینوں سے ریلوے کو تقریباً 8 ارب روپے آمدن حاصل ہو رہی تھی۔ حکام کے مطابق اس معاہدے کے بعد ریلوے کی آمدن میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے اس کامیاب آؤٹ سورسنگ پر کمرشل ٹیم اور متعلقہ حکام کو شاباش دی اور کہا کہ پاکستان ریلوے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فریٹ ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ سے بھی آئندہ مالی سال میں 10 ارب روپے سے زائد اضافی آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے۔
حنیف عباسی کے مطابق پاکستان ریلوے اسی سال پہلی بار ایک کھرب روپے سے زائد ریونیو حاصل کرنے کی جانب گامزن ہے، اور مزید بہتری کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رہیں گے۔
