Search
Close this search box.
بدھ ,17 جون ,2026ء

وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تیاری، اہم وزارتیں متاثر ہونے کا امکان

اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں ردوبدل کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حکومت کی جانب سے آئندہ ڈھائی سال کی حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت مختلف اہم وزارتوں میں تبدیلیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جن میں داخلہ، خزانہ، دفاع اور بحری امور کی وزارتیں شامل ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپے جانے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ وہ اپنا موجودہ عہدہ بھی برقرار رکھ سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کو وزارت خارجہ کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے اور امکان ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ بھی برقرار رکھیں گے۔

اسی طرح وزارت داخلہ کے لیے رانا ثناء اللہ اور اعظم نذیر تارڑ کے نام زیر غور ہیں۔ اطلاعات کے مطابق رانا ثناء اللہ کو مشیر کے عہدے سے ترقی دے کر وفاقی وزیر بنایا جا سکتا ہے۔

وفاقی کابینہ میں ردوبدل کے منصوبے کے تحت کابینہ کا حجم کم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارتوں اور ڈویژنز کی تعداد محدود کرکے 32 تک لانے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ حکومتی اخراجات میں کمی اور انتظامی امور میں بہتری لائی جا سکے۔

مجوزہ منصوبے کے مطابق وزارت بحری امور اور وزارت دفاعی پیداوار کو وزارت دفاع میں ضم کیا جا سکتا ہے، جبکہ وزارت ثقافت کو وزارت اطلاعات و نشریات کا حصہ بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اسی طرح انسداد منشیات اور ڈاک کے شعبوں کو بالترتیب وزارت داخلہ اور وزارت مواصلات کے تحت لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کی کارکردگی کا جائزہ بھی جاری ہے اور کمزور کارکردگی دکھانے والے وزراء کو عہدوں سے ہٹایا جا سکتا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ کابینہ میں نئے چہروں کو بھی شامل کیا جائے گا، جن میں ایک خاتون وزیر سمیت بشریٰ بٹ، سینیٹر منظور کاکڑ، بیرسٹر دانیال اور بابر نواز کے نام زیر غور ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مقصد آئندہ انتخابات سے قبل حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانا اور سیاسی پوزیشن کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ اس حوالے سے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان مشاورت جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں