اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ اگنازیو کاسس سے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور مذاکراتی سرگرمیوں کے تناظر میں ہوئی، جہاں مختلف علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق سوئس وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اس کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی مذاکراتی مراحل میں تعاون اور معاونت کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ باہمی مفاہمت اور سفارتی کوششیں نہ صرف خطے میں پائیدار امن کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ عالمی اقتصادی استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی مسلسل سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں مختلف شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دیں گی۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی کے میدان میں پاکستانی ماہرین کی صلاحیتوں کا بھی ذکر کیا اور سوئٹزرلینڈ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ادویہ سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



