یو اے ای(نیوز ڈیسک) سابق بھارتی ٹیسٹ وکٹ کیپر کے ایس بھرت کو یو اے ای ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔
سابق بھارتی وکٹ کیپر کے ایس بھرت کو متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم “اسٹالینز” میں شامل کر لیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب انہوں نے چند روز قبل ہی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
کے ایس بھرت نے 2023 سے 2024 کے درمیان بھارت کی جانب سے 7 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں وہ زیادہ تر رشبھ پنت کی عدم موجودگی میں ٹیم کا حصہ رہے۔
انہوں نے ان 7 ٹیسٹ میچز میں 20.09 کی اوسط سے 221 رنز بنائے، جس میں ان کا سب سے بڑا اسکور 44 رنز رہا۔ وہ فروری 2024 کے بعد سے قومی ٹیم میں شامل نہیں کیے گئے۔
کے ایس بھرت نےچند روز قبل اپنی ریٹائرمنٹ کے اعلان میں کہا تھا کہ بھارت کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا “سب سے بڑا اعزاز” رہا ہے۔ یہ سفر مشکل ضرور تھا مگر ہر لمحہ اس قابل تھا۔
ریٹائرمنٹ کے فوراً بعد انہیں یو اے ای میں ہونے والی ٹو ڈے چیمپئن شپ کے لیے ٹیم اسٹالینز میں شامل کیا گیا ہے، جس میں خطے کے بہترین کھلاڑی شریک ہیں۔
اس ٹورنامنٹ کا مقصد طویل فارمیٹ کرکٹ کے لیے کھلاڑیوں کی مہارت اور سوچ کو بہتر بنانا ہے۔
ہر میچ دو روز پر مشتمل ہوگا، جس میں روزانہ 80 اوورز کرائے جائیں گے، جبکہ جیت، 10 وکٹوں سے فتح یا اننگز کی برتری پر پوائنٹس دیے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ 19 جون سے شروع ہوگیا ہے اور اس میں مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 4 جولائی کو ہوگا۔
کے ایس بھرت اس ٹورنامنٹ میں وکٹ کیپر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
مزید پڑھیں۔اسلام آباد میں انسدادِ ڈینگی مہم تیز، 24 افراد گرفتار، 5 دکانیں سیل
