اسلام آباد: بینظیر موبائل سم حاصل کرنے والی مستحق خواتین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مفت سم حاصل کرنے کی آخری تاریخ میں 30 جون 2026 تک توسیع کر دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
حکام کے مطابق مستقبل میں بی آئی ایس پی کے تحت فراہم کیے جانے والے وظائف اور مالی امداد کی ادائیگی خصوصی طور پر ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے بینظیر موبائل سم پر قائم کردہ ڈیجیٹل والٹ کو بنیادی ذریعہ بنایا جا رہا ہے تاکہ ادائیگیوں کا عمل مزید شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔
بی آئی ایس پی انتظامیہ نے ان تمام خواتین کو ہدایت کی ہے جنہوں نے ابھی تک اپنی مفت سم حاصل نہیں کی، وہ اپنے اصل قومی شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون کے ساتھ قریبی رجسٹریشن یا متعلقہ دفتر کا رخ کریں اور مقررہ تاریخ سے پہلے سم حاصل کر لیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سم حاصل کرنے کے تقریباً پانچ روز بعد خواتین کو متعلقہ بینک کے مجاز ریٹیلر یا دکاندار سے رابطہ کرکے اپنا ڈیجیٹل والٹ فعال کروانا ہوگا۔ ڈیجیٹل والٹ کی بروقت ایکٹیویشن آئندہ مالی امداد کی بلا تعطل وصولی کے لیے ضروری قرار دی گئی ہے۔
دوسری جانب وہ خواتین جو پہلے ہی اپنی سم حاصل کر چکی ہیں، انہیں بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اگر انہوں نے ابھی تک اپنا ڈیجیٹل والٹ فعال نہیں کروایا تو فوری طور پر یہ مرحلہ مکمل کریں تاکہ مستقبل کی ادائیگیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام خواتین کو زیادہ سہولت فراہم کرے گا اور مالی امداد کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
