کراچی(نیوز ڈیسک)بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی (BSEK) نے میٹرک (جماعت دہم) جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ نتائج ریگولر اور پرائیویٹ دونوں کیٹیگریز کے طلبہ و طالبات کے لیے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ اس سال بھی طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی تینوں پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق طوبیٰ فاطمہ نے 90.27 فیصد نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، آمنہ اسد 87.82 فیصد نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ صفیہ منور 87.73 فیصد نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔
میٹرک جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 15 ہزار 446 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی جن میں سے 14 ہزار 749 طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے، جبکہ 697 امیدوار مختلف وجوہات کی بنا پر غیر حاضر رہے۔ بورڈ حکام کے مطابق نتائج تمام امتحانی ضوابط اور شفاف طریقہ کار کے تحت تیار کیے گئے ہیں تاکہ ہر امیدوار کو اس کی کارکردگی کے مطابق درست نتائج فراہم کیے جا سکیں۔
میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر مشرف علی راجپوت نے نتائج کے بروقت اعلان پر بورڈ کے افسران، امتحانی عملے اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ امتحانی نظام میں شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے انہوں نے بتایا کہ نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی کاپیوں کی جانچ کے لیے کمپیوٹرائزڈ اسیسمنٹ اور ای مارکنگ کا نظام بھی متعارف کرا دیا گیا ہے جس سے نتائج کی تیاری مزید شفاف، تیز اور مؤثر ہو گی۔
بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی نے طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے نتائج آن لائن بھی جاری کر دیے ہیں۔ امیدوار بورڈ کی سرکاری ویب سائٹس www.bsek.edu.pk اور www.bsek.com.pk پر جا کر اپنا رول نمبر درج کرکے فوری طور پر اپنا نتیجہ معلوم کر سکتے ہیں۔ نتائج سے متعلق معلومات یا کسی بھی قسم کی رہنمائی کے لیے بورڈ کی ہیلپ لائن 0333-9206444 اور 0333-9205111 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ بورڈ انتظامیہ نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ویب سائٹس اور مستند ذرائع سے ہی اپنے نتائج حاصل کریں۔
مزید پڑھیں۔یکم جولائی کے بعد بینک میں رقم جمع کرانے اور نکلوانے والوں کے لیے بڑی خبر

