Search
Close this search box.
بدھ ,01 جولائی ,2026ء

گلیشیئرز پگھلنے سے آبی ذخائر میں پانی بڑھنے لگا، دریاؤں میں بہاؤ میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد: آبی ذخائر میں پانی کی مقدار میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، کیونکہ ملک کے شمالی اور بلند پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث دریاؤں میں پانی کی آمد بہتر ہوئی ہے اور بڑے ڈیموں کے ذخائر میں بھی بتدریج اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 26 ہزار 500 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 50 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح منگلا ڈیم پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 37 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 38 ہزار 700 کیوسک رہا۔

چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 5 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 3 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب ہیڈ مرالہ پر دریائے چناب میں 63 ہزار 700 کیوسک پانی کی آمد اور 36 ہزار 900 کیوسک اخراج نوٹ کیا گیا، جبکہ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد اور اخراج دونوں 48 ہزار کیوسک رہے۔

حکام کے مطابق اس وقت ملک کے تین بڑے آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ 34 لاکھ 3 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ چکا ہے، جو آئندہ دنوں میں مزید بڑھنے کی توقع ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1453.07 فٹ ہے اور وہاں 11 لاکھ 11 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1162.85 فٹ ریکارڈ کی گئی، جہاں 22 لاکھ 43 ہزار ایکڑ فٹ پانی موجود ہے، جبکہ چشمہ ریزروائر میں پانی کی سطح 641.30 فٹ اور ذخیرہ 49 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں متوقع مون سون بارشوں کے باعث آبی ذخائر میں پانی کی مقدار میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا ہے کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور شدید بارشوں کی صورت میں بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ ادارے مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں