ملک میں مہنگائی کا دباؤ بدستور برقرار ہے اور اب گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ لاہور کی اوپن مارکیٹ میں مختلف گریڈ کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 5 سے 30 روپے فی کلو تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کریانہ مرچنٹس کے مطابق گریڈ ون گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ مصنوعات 580 سے 610 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہی ہیں۔ اسی طرح گریڈ ٹو گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 570 روپے فی کلو مقرر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب گریڈ تھری گھی کی قیمت میں سب سے زیادہ 30 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ 490 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ پیداواری لاگت اور خام مال کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اشیائے خورونوش کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں عام شہریوں کے لیے تشویش کا باعث ہیں، جبکہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا مہنگی ہونے سے گھریلو بجٹ پر اضافی دباؤ پڑ رہا ہے۔ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں حالیہ اضافہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث صارفین نے حکومت سے مہنگائی پر قابو پانے کے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔