Search
Close this search box.
اتوار ,05 جولائی ,2026ء

کیا عمران عباس شوبز کو مستقل طور پر خیرباد کہہ رہے ہیں؟ اداکار نے خاموشی توڑ دی

کراچی: عمران عباس شوبز سے دوری اختیار کرنے کی خبروں پر معروف پاکستانی اداکار عمران عباس نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال ان کا کسی نئے ڈرامے میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن رکھا، جہاں ایک مداح نے ان سے نئے ڈرامے کے بارے میں سوال کیا۔ اس پر عمران عباس نے واضح کیا کہ ان کا کوئی نیا ڈرامہ نشر ہونے والا نہیں کیونکہ انہوں نے حالیہ عرصے میں کسی بھی ٹی وی پراجیکٹ پر دستخط نہیں کیے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ شوبز میں واپسی کی منصوبہ بندی نہیں کر رہے بلکہ اپنی کاروباری سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

عمران عباس اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر موجودہ ڈرامہ انڈسٹری کے اسکرپٹس پر اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں موجودہ ڈراموں کے اسکرپٹس اتنے متاثر کن نہیں لگتے کہ وہ دوبارہ ٹیلی ویژن پر باقاعدہ کام شروع کریں۔

اداکار کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ کئی مداحوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ عمران عباس جلد کسی مضبوط کہانی اور منفرد کردار کے ساتھ دوبارہ ڈراموں میں نظر آئیں۔

واضح رہے کہ عمران عباس پاکستان کے معروف اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ ان کی بڑی تعداد میں مداح آج بھی ان کی ٹی وی اسکرین پر واپسی کے منتظر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں