ممبئی: عامر خان کی شادی کے بعد بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کا ایک پرانا مزاحیہ بیان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس پر مداح دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں سلمان خان معروف کامیڈی پروگرام دی کپل شرما شو میں عامر خان کی شادیوں سے متعلق ہلکے پھلکے انداز میں تبصرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا یہ بیان عامر خان کی حالیہ شادی کے بعد دوبارہ موضوعِ بحث بن گیا ہے۔
پروگرام کے دوران میزبان کپل شرما نے سلمان خان سے کہا تھا کہ عامر خان اپنی گرل فرینڈ سے سب کو متعارف کرا چکے ہیں، جبکہ آپ ان سے صرف چند ماہ چھوٹے ہیں لیکن ابھی تک شادی نہیں کی۔
اس پر سلمان خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا تھا، “عامر کی بات ہی الگ ہے، وہ مسٹر پرفیکشنسٹ ہیں۔ جب تک شادی کو مکمل طور پر پرفیکٹ نہیں کر لیتے، وہ شادیاں کرتے رہیں گے۔”
یہ مزاحیہ جملہ اس وقت بھی ناظرین میں بے حد مقبول ہوا تھا، جبکہ عامر خان کی شادی کے بعد یہ کلپ دوبارہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان نے حال ہی میں ممبئی کے علاقے باندرہ میں اپنی رہائش گاہ پر ایک سادہ اور نجی تقریب میں گوری سپراٹ کے ساتھ شادی کی۔ تقریب میں قریبی عزیزوں اور چند دوستوں نے شرکت کی، جبکہ شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سلمان خان کے پرانے تبصرے کو مداح عامر خان کی نئی شادی سے جوڑ کر شیئر کر رہے ہیں، جبکہ کئی صارفین اسے بالی ووڈ کی دلچسپ یادگار گفتگو قرار دے رہے ہیں۔


