کراچی: ہانیہ عامر کا نیا لُک سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ پاکستان کی معروف اداکارہ نے اپنی نئی تصویر شیئر کی تو مداحوں نے ان کے منفرد ہیئر اسٹائل کا موازنہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے مشہور کردار سے کرنا شروع کر دیا۔
ہانیہ عامر نے اپنی تازہ سیلفی میں سینٹر پارٹنگ کے ساتھ جبڑے تک لمبے بال اور چہرے کے دونوں جانب لمبی لٹوں والا نیا ہیئر اسٹائل اپنایا، جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
تصویر وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے تبصرہ کیا کہ ہانیہ عامر کا یہ انداز سلمان خان کی 2003ء میں ریلیز ہونے والی فلم “تیرے نام” میں ان کے مشہور کردار رادھے موہن کے ہیئر اسٹائل سے کافی مماثلت رکھتا ہے۔
سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے دلچسپ انداز میں ہانیہ عامر کو سلمان خان کی “جڑواں” قرار دیا، جبکہ بعض صارفین نے ان کے نئے انداز کو منفرد، اسٹائلش اور دلکش قرار دیتے ہوئے خوب سراہا۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم “تیرے نام” کا سینٹر پارٹنگ والا ہیئر اسٹائل اپنے دور میں بے حد مقبول ہوا تھا، جسے برصغیر کے لاکھوں نوجوانوں نے اپنایا اور یہ فلم کی پہچان بن گیا تھا۔
ہانیہ عامر پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ متعدد کامیاب ڈراموں اور فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں کے دل جیت چکی ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کے لاکھوں فالوورز موجود ہیں، جو ان کی ہر نئی پوسٹ کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔




